قرار ہوتے ہوئے بے قرار یعنی میں

قرار ہوتے ہوئے بے قرار یعنی میں
تمہارے ہجر کا اک سوگوار یعنی میں


وطن سے دور وطن کا مقیم یعنی تو
وطن میں رہ کے غریب الدیار یعنی میں


سراپا کبر و سراپا غرور یعنی تو
ترے غرور پہ ہر دم نثار یعنی میں


وفا و مہر و محبت کا نام یعنی تو
وفا و مہر و محبت شعار یعنی میں


ہر اک عمل سے مرے بے نیاز یعنی تو
نیاز و نذر دل و جاں گزار یعنی میں


امید آمد صبح بہار یعنی تو
اور اس بہار کا امیدوار یعنی میں


سخن میں تازہ خیالوں کی موج یعنی تو
سخن کو باعث صد افتخار یعنی میں