پھول کا یا سنگ کا اظہار کر
پھول کا یا سنگ کا اظہار کر
آسماں اورنگ کا اظہار کر
جسم کے روزن سے پہلے خود نکل
پھر قبائے تنگ کا اظہار کر
پھول کی پتی پہ کوئی زخم ڈال
آئنے میں رنگ کا اظہار کر
آبگینوں میں سیاہی بھر کے چل
دوستی میں جنگ کا اظہار کر
دھول سے انفاس کے پیکر تراش
خوشبوؤں میں رنگ کا اظہار کر
پڑھ رہا تھا میں قصیدہ نام کا
کوئی بولا ننگ کا اظہار کر
کون کتنا آدمی ہے یہ بتا
آہ میں آہنگ کا اظہار کر