پا پیادہ چلتا ہوں

پا پیادہ چلتا ہوں
بے ارادہ چلتا ہوں


تھک نہ جاؤں اس لئے
میں زیادہ چلتا ہوں


چشم کور بستی میں
بے لبادہ چلتا ہوں


رستے حیرت کرتے ہیں
اتنا سادہ چلتا ہوں


ہو نہ جاؤں پورا میں
آدھا آدھا چلتا ہوں


مفلسی میں کر کے میں
دل کشادہ چلتا ہوں


افضلؔ آس کے رستے پر
بے مرادہ چلتا ہوں