نوک جھونک

بھائی
مجھ سے ہر دم لڑتی ہو
ایک کی سو سو جڑتی ہو
اپنی ذات کو بھولی ہو
تم تو بالکل مولی ہو
بہن
میں یہ بات نہیں بھولی
ہاضم ہوتی ہے مولی
بھائی ہو یا دشمن ہو
تم تھالی کے بینگن ہو
بھائی
بینگن اچھا ہے بہنا
بے گن اس کو مت کہنا
تم ہو آفت چھوٹی سی
تم ہو بھنڈی موٹی سی
بہن
بھنڈی کی کیا بات ہے جی
اونچی اس کی ذات ہے جی
تم سبزی کے خالو ہو
اک دبلے سے آلو ہو
بھائی
سب کھانوں کا کھاجا ہے
آلو سب کا راجا ہے
میری سسٹر ہو تم بھی
موٹی گاجر ہو تم بھی
بہن
گاجر صحت دیتی ہے
دل کو طاقت دیتی ہے
میٹھا حلوہ گاجر کا
تم ہو روپ ٹماٹر کا
بھائی
جو بھی ٹماٹر کھاتا ہے
اپنی جان بناتا ہے
اس کا رس جو پیتے ہیں
تگڑے ہو کر جیتے ہیں
بہن
ختم کرو کھٹ پٹ ساری
اچھی ہے ہر ترکاری
بند یہ سارا کھیل کریں
آؤ ہم تم شکر کریں