نیند
نیند اک جزیرہ ہے
جس میں خواب بستے ہیں
وادیاں ہیں جھیلیں ہیں
مرغزار و گلشن ہیں
دل نشین چہرے ہیں
لوگ اس جزیرے میں
خواب لینے جاتے ہیں
خواب زندگانی کے
خواب شادمانی کے
خواب کامرانی کے
جن کی زندگانی میں
کوئی سکھ نہیں ہوتا
اک جہان محرومی
جن کے ساتھ چلتا ہے
نیند کے جزیرے میں
اپنی ساری محرومی
جا کے بھول جاتے ہیں
زندگی کے دیوانے
نیند کے جزیرے سے
خواب لے کے آتے ہیں
اور اس کی تعبیریں
جب کہیں نہیں ملتیں
نیند کے جزیرے میں
پھر سے لوٹ جاتے ہیں