مجھ کو تو مشق سماعت ہے چلو تم بولو
مجھ کو تو مشق سماعت ہے چلو تم بولو
تم کو سننا مری عادت ہے چلو تم بولو
میں نے خاموشی کو آسان کیا ہے خود پر
میری برسوں کی ریاضت ہے چلو تم بولو
تم سے آباد ہے باتوں کی طلسمی دنیا
یہ تمہاری بھی ضرورت ہے چلو تم بولو
ہمہ تن گوش زمانہ ہے ابھی موقع ہے
تم کو حاصل یہ سہولت ہے چلو تم بولو
حکم گویائی کا جب تک نہ ملے نصرتؔ کو
تب تلک تم کو اجازت ہے چلو تم بولو