محبت کر کے شرمندہ نہیں ہوں

محبت کر کے شرمندہ نہیں ہوں
میں اس دنیا کا باشندہ نہیں ہوں


حساب دلبراں مجھ سے نہ مانگو
میں اک شاعر ہوں کارندہ نہیں ہوں


میں اک آزاد و خود روشن ستارہ
کسی سورج سے تابندہ نہیں ہوں


طلسم غم سے پتھر ہو گیا ہوں
میں زندہ ہوں مگر زندہ نہیں ہوں


یہ میرا عہد مجھ میں جی رہا ہے
میں بس اپنا نمائندہ نہیں ہوں