مری تشنہ لبی ہے اور میں ہوں
مری تشنہ لبی ہے اور میں ہوں
وہی سوکھی ندی ہے اور میں ہوں
سکون زندگی ہے اور میں ہوں
مسلسل بیکلی ہے اور میں ہوں
تخیل سبز ہوتا جا رہا ہے
عنایت آپ کی ہے اور میں ہوں
کئے جاتا ہوں میں عرض تمنا
تمہاری خامشی ہے اور میں ہوں
سر نخل تمنا مسکراتی
بس اک ننھی کلی ہے اور میں ہوں
مری تصویر پہ پروازؔ ان کی
نگاہ سرسری ہے اور میں ہوں