لغت کے بے معنی الفاظ
محبت مروت خلوص اور الفت
سخاوت کرم بخشش و مہربانی
وفا پیار رحم اور ایثار و شفقت
فرائض تعاون اور ایماں کے جذبے
جو زینت لغت کے ابھی تک بنے ہیں
وجود ان کا لیکن عمل میں
کہاں ہے
سحر کے بھی پر کیف لمحوں میں ڈھونڈھا
چمکتی ہوئی دوپہر میں بھی پرکھا
وہ سردی کی ٹھٹھری ہوئی رات میں بھی
گرجتی برستی سی برسات میں بھی
مگر بوئے مفہوم ان میں نہیں تھی
بہت روز سے سوچتی ہوں
کہ ان سارے مصنوعی لفظوں کو اب میں
لغت سے کھرچ دوں