کچھ سوچ کے اظہار خیالات نہ کرنا

کچھ سوچ کے اظہار خیالات نہ کرنا
ہر بات کو سننا وہ ترا بات نہ کرنا


ایسا نہ ہو دراصل تمہیں اپنا سمجھ لیں
اس درجہ غریبوں کی مدارات نہ کرنا


ہے فرق مراتب کے لئے سارا زمانہ
میخانے میں توہین مساوات نہ کرنا


اک فرض ہے تعظیم روایات بہ ہر طور
اک فرض ہے ترمیم روایات نہ کرنا


پیمانہ بکف جب ہو جوانی کی حکایت
اس باب میں سنجیدہ سوالات نہ کرنا


اک بار توجہ سے کوئی بات تو سن لو
پھر چاہے کبھی ہم سے ملاقات نہ کرنا


آسان ہے جاں دینا کسی بات پہ نوریؔ
دشوار ہے اظہار خیالات نہ کرنا