حمد
اے خدا ہے تو ہی مالک دو جہاں
تیری قدرت کے جلوے ہیں ہر سو عیاں
جگمگائیں ترے نور کی بھیک سے
چاند تارے کرن چاندنی کہکشاں
پھول شبنم چمن رنگ خوشبو دھنک
سب کے سب ہیں تیری عظمتوں کے نشاں
پیڑ پودے تیری حکمرانی میں ہیں
تیرے ہی حکم سے ہیں سمندر رواں
تیرا کلمہ ہواؤں کے ہونٹوں پہ ہے
گونجتی ہے فضاؤں میں تیری اذاں
ہر بلندی تیرے سامنے پست ہے
تیرے آگے جھکائے ہے سر آسماں
ہاتھ اٹھا کر یہی مانگتے ہیں دعا
کر دے ہر دل کو تو پیار کا گلستاں