غبارے والے کا گیت
آؤ بچو آؤ بچو
چھٹے پیسے لاؤ بچو
رنگ برنگے پھول کھلے ہیں یا میرے غبارے ہیں
جیسے تم پیارے پیارے ہو یہ بھی پیارے پیارے ہیں
نئی ادا سے نئی شان سے ادھر ادھر لہراتے ہیں
قدرت کی رنگینی میں یہ اور بھی رنگ ملاتے ہیں
مست فضاؤں میں بچوں کے یہ معصوم اشارے ہیں
رنگ برنگے پھول کھلے ہیں یا میرے غبارے ہیں
جتنی لمبی ڈور ہو ان کی یہ اتنے ہی اونچے جائیں
نیل گگن میں اڑ کے دمکیں دور سے ہم سب کو للچائیں
تم ہو اس دھرتی کے تارے یہ آکاش کے تارے ہیں
رنگ برنگے پھول کھلے ہیں یا میرے غبارے ہیں
نیلے پیلے کالے اجلے سنگ سنگ ہی رہتے ہیں
مل جل کر اک ساتھ رہو سب یہ دنیا سے کہتے ہیں
ان کا یہ پیغام ہے جگ کے سارے لوگ ہمارے ہیں
رنگ برنگے پھول کھلے ہیں یا میرے غبارے ہیں
جیسے تم پیارے پیارے ہو یہ بھی پیارے پیارے ہیں