غریب بچے کی دعا

اللہ میاں
پانی برسا دو
تپتی گرمی دور بھگا دو
میں اک مزدورن کا بچہ
بھولا بھالا بالکل سچا
کتنا کم کم مانگ رہا ہوں
اچھا موسم مانگ رہا ہوں
اونچے بنگلے اچھے کھانے
میرے گھر چاول کے دانے
ایک گھڑا اور ایک چٹائی
کچھ چمچے اور ایک کڑھائی
سوکھے لب اور آنکھیں پانی
رت بھیجو تم خوب سہانی
ہم موسم میں کھونے والے
تھوڑے سے خوش ہونے والے
بجلی پنکھا کیا جانیں ہم
بس اک تم کو پہچانیں ہم
اللہ میاں
بانہیں پھیلا دو
بس تھوڑا پانی برسا دو