فیس بک

لاگ ان کرتے کرتے
پہلی جو تصویر ابھری
لاش تھی وہ
لاش کا چہرہ کھلا ہوا تھا
نیچے لائیک لکھا ہوا تھا
کرسر اس پر کانپ رہا تھا


اس کے نیچے
سالگرہ کا کیک سجا تھا
غباروں اور تحفوں سے
سارا کمرہ بھرا ہوا تھا
یہاں بھی لائیک لکھا ہوا تھا


میں حیرت سے دیکھ رہی تھی
سوچ رہی تھی
نہ جانے اس نئی لغت میں
لائیک کا مطلب کیا ہوگا


ہم نے تو اس لفظ کے پیچھے
خوں تھوکا بن باس لیا


ہم جیسے دیوانے
لفظوں کی توقیر پہ مرنے والے
مشکل ہی سے سمجھوتہ کر پاتے ہیں
ہم جیسے دیوانوں کی
الفاظ ہنسی اڑاتے ہیں