ایک مشترکہ نظم

وہ نظم جو میں نے تم پہ لکھی
وہ شعر جو میں نے پلکوں سے
دل کاغذ پر تحریر کیا


وہ نظم جو تم نے مجھ پہ لکھی
جو بوند برابر رشتے سے
نم مٹی میں پروان چڑھی


وہ نظم ہماری بانہوں میں
جب بانہیں ڈال کے ہنستی ہے
وہ شعر تمہارے قدموں سے
جب قدم ملا کر چلتا ہے
میں سوچتی ہوں اس دھرتی پر
ہم دونوں جیسا شاعر کوئی اور نہیں