ایک غیر اہم فرد کے لیے

ماسی دہی بلونا
خالی ناند کی باسی خوشبو
سونا باڑا
بھوکی گائے
تمہیں بلاتی ہے


میلی اوڑھنی اور ستلی کے جھولے میں سویا ہوا پوتا جاگ اٹھا ہے
اور اپنے مخصوص راگ میں
ریں ریں کرتا ہے


گہری نیند میں سوئی ہوئی تمہاری نوں
جاگ اٹھی تو چلائے گی
چولہا اب تک ٹھنڈا ہے
اپلے اوس میں بھیگ رہے ہیں
انہیں اٹھاؤ نا ماسی
دہی بلونا


چھپر پر پھیلی ہوئی توری کی بیلوں میں
بتیا آنی شروع ہوئی ہے
پچھواڑے سے
چولائی کا ساگ کپٹ کر لاؤ ناں
ماسی دہی بلونا
بیٹا کھیت سے آتا ہوگا
ابھی بہو چلائے گی


دیکھو سورج
کچی دیواروں کے پیچھے جھانک رہا ہے
آج دیا کیا ساری رات جلایا تھا
دیے میں قطرہ تیل نہیں ہے
اب کیا ہوگا
ابھی بہو چلائے گی


تھوڑی دھوپ اتر آئی ہے
آدھی چٹائی کل بن لی تھی
نئی مونج کل رات ہی لڑکا لایا ہے
اچھی مونج ہے
اس سے ہتھیلی کم چھلتی ہے
پوریں کم زخمی ہوتی ہیں
آدھی چٹائی باقی ہے
اٹھو ماسی مونج رنگو
ابھی بہو چلائے گی


پوری دھوپ اتر آئی ہے
کانٹے چننے ایندھن لانے جنگل بھی تو جانا ہے


بکری کی پیوسی جو رات جمائی تھی
وہ بیٹی کے گھر کب بھیجوگی


ماسی تمہارے ہونٹ بھنچے ہوئے کیوں ہیں
کھوکھلے سینے پوپلے منہ کی دھونکنی آخر بند ہے کیوں


خفیہ جیب کی نچلی تہ میں
چھپی ہوئی اک عمر کی پونجی
دس کا پتا
گلا ہوا بد رنگ سا کاغذ
جس کے لیے تمہاری نوں
سوکھا ماس کھکھوڑ رہی ہے


ماسی اب اٹھ جاؤ نا
ماسی دہی بلونا
خالی ناند کی باسی خوشبو
سونا باڑا
بھوکی گائے
تمہیں بلاتی ہے