چڑیاں

مل مل کر ہٹنا پتوں کا
تھم تھم کر کھلنا کلیوں کا
ٹکرائے جانا لہروں کا
جگ مگ ہے مندر نغموں کا
پیاری چڑیو چہکے جاؤ
سورج کی چنچل کرنوں سے
ڈھلتے ہیں جب راگ تمہارے
ایسے رنگیں ایسے میٹھے
کیا ہوں گے دنیا کے گانے
پیاری چڑیو چہکے جاؤ
آنکھیں ہیں ہر دم ہنسنا ہے
دل اک راحت کی دنیا ہے
ایک تڑپ ہے ایک مزہ ہے
جانے تم میں کون چھپا ہے
پیاری چڑیو چہکے جاؤ
روٹھی ہوئی قسمت کو منائیں
بھٹکے ہوئے ہیں راہ پہ آئیں
اپنی اپنی منزل پائیں
ہاں جب تک سب جاگ نہ جائیں
پیاری چڑیو چہکے جاؤ