بے یقینی کے پھول
خاموشی کے جوہڑ میں
کھلنے والے پھول
سنسان جنگلوں کی دہشت
اور ہلاکت خیز آندھیوں کے خوف کے سبب
جلال و جمال سے خالی رہ جاتے ہیں
موسموں کے
گرم اور تلخ لمس
انہیں شفاف اور شیریں نہیں رہنے دیتے
شوق اور آرزو کی آگ
بے چین رکھتی ہے انہیں
وہ نہیں جانتے کہ
شکستہ اور پگھلے ہوئے جذبات کے سمندر کا
چڑھاؤ کب ختم ہوگا
اور اتار کب شروع ہوگا