آزار و اذیت ہے یک طرفہ محبت بھی

آزار و اذیت ہے یک طرفہ محبت بھی
اک طرفہ قیامت ہے یک طرفہ محبت بھی


سنتے تھے کہ قصہ ہے افسانوں کا حصہ ہے
جانا کہ حقیقت ہے یک طرفہ محبت بھی


خود سے ہی چھپاتے ہیں خود کو ہی جلاتے ہیں
خود سے ہی رقابت ہے یک طرفہ محبت بھی


اک شخص سے وابستہ جذبات ہیں صف بستہ
اک طرز عقیدت ہے یک طرفہ محبت بھی


میں چاہتا ہوں اس کو جس کے میں نہیں قابل
کیا خوبیٔ قسمت ہے یک طرفہ محبت بھی