ضرورت

ہمارے بیچ کا رشتہ
ضرورت کے سوا کچھ بھی نہیں شاید
ضرورت بات کرنے کی
ضرورت بات سننے کی
ضرورت سانس لینے کی
ضرورت فرصتوں کے وقت کو آسان کرنے کی
ضرورت کو محبت نام دینے سے
ہمارے بیچ پھیلی یہ مسافت کم نہیں ہوتی
یہ اپنا پن فقط بیگانگی پر دھول جیسا ہے
میں گھنٹوں بات کرتا ہوں
تمہاری فرصتوں کے وقت کو آسان کرتا ہوں
مرا اس پر یہ دعویٰ ہے مجھے تم سے محبت ہے
تمہارا بھی یہی اصرار مجھ سے پیار کرتی ہو
سو ہم آسانیوں سے جھوٹ کی عادت نبھانے میں
مہارت سیکھ لیتے ہیں
ضرورت کو محبت مان لیتے ہیں
مگر سچ ہے
ضرورت کی قسم سچ ہے
ہمارے بیچ کا رشتہ
شروع دن سے ضرورت ہے