یہ جھوٹوں کا زمانہ ہے کوئی سچ بات مت کہنا

یہ جھوٹوں کا زمانہ ہے کوئی سچ بات مت کہنا
چنانچہ رات بے شک ہو مگر تم رات مت کہنا


جرائم سے تمہارے کوئی پردہ خاک اٹھائے گا
نفی کرتے رہو سختی سے تم اثبات مت کہنا


ضمیر اک ایسی دولت ہے کہ جو مشکل سے ملتی ہے
کسی کو اپنے منہ سے قبلۂ حاجات مت کہنا


یہی تو آج کل مجذوب ہونے کی علامت ہے
کہ حال غیب کہنا امر موجودات مت کہنا