وش کنیا

کس جٹا دھاری شو سے سیکھا تھا
اور کب اب یہ بات یاد نہیں
ناگ ودیا کا گان سانپوں کو
بس میں کرنے کا فن ہمارا تھا
ناگ سوامی تھے زہر کو تریاق
میں بدلنے کا علم رکھتے تھے
ڈر سے ینوڑھائے اپنے ناگ پھنی
سانپ خود مانگتے تھے ہم سے پناہ


ناگ ودیا کا سارا گیان لیے
ہم کمال ہنر کے مالک تھے
لیکن اک دن عجیب بات ہوئی
ایک وش کنیا پیار سے آ کر
یوں گلے لگ گئی کہ سارا گیان
بس کو امرت میں زہر کو تریاق
میں بدلنے کا علم سب منتر
بھول بیٹھے کہ اس کے ہونٹوں کا
زہر آب حیات تھا اور ہم
لاکھ جنموں کی پیاس رکھتے تھے