وبا کے دنوں میں ۵

یہ اعداد کی قوس کب سیدھی ہوگی
ہمیں کیا خبر بس
خدا کو خبر ہے
نقابوں کی قوسیں تھیں ذمے ہمارے
جو چہروں پہ سیدھے کیے ہیں
کواڑوں کی قوسیں تھیں ذمے ہمارے
جو کھلتے نہیں ہیں
ہماری بھنووں کی کمانیں
دعا میں اٹھے ہاتھ
سجدوں رکوعوں کی قوسیں
اکڑنے لگی ہیں
بدن قوس تھے جو بدلنے لگے ہیں
دہن قوس ہوتے نہیں ہیں
خدا تیری قوس قزح کب کھلے گی