اجالا کو بہ کو ہے اور کیا ہے

اجالا کو بہ کو ہے اور کیا ہے
میرے ہم راہ تو ہے اور کیا ہے


ترے احساس کی دستک ہمیشہ
خیالوں پر رفو ہے اور کیا ہے


یہ خاموشی اچانک لگ گئی جو
مسلسل گفتگو ہے اور کیا ہے


اگرچہ دور ہو نزدیک ہو پر
کمال آرزو ہے اور کیا ہے


وہاں بس میں نہیں ہوں اور سب ہے
یہاں بس تو ہی تو ہے اور کیا ہے


اب اس سے اور زیادہ کیا بنائیں
تمہاری جستجو ہے اور کیا ہے