صبح میں سو کر اٹھا کھایا پیا کل کی طرح

صبح میں سو کر اٹھا کھایا پیا کل کی طرح
زندگی پیاری تھی مجھ کو جی لیا کل کی طرح


جو ملا ہنس کر ملے اس سے خدا حافظ کہا
آج بھی جاری رہی مشق ریا کل کی طرح


ہم نے اپنے جی میں ٹھانی اور یہ کہتے ہوئے
جو نہ کرنا تھا وہی سب کر لیا کل کی طرح


آج بھی کہتے ہیں مجھ کو لوگ اچھا آدمی
آج بھی بن کر رہا ہوں بہروپیا کل کی طرح


خود سے ملنے کے لئے تنہائی کتنی چاہئے
آج بھی پایا نہ میں نے تخلیہ کل کی طرح


پیر رومی آج پھر نکلے ہیں کس کی کھوج میں
اپنے ہاتھوں میں لیے جلتا دیا کل کی طرح