صبح ازل سے شام ابد تک آنا جانا ہوتا ہے

صبح ازل سے شام ابد تک آنا جانا ہوتا ہے
منزل تک جانے کا رستہ کس نے پانا ہوتا ہے


میں اک عورت ہوں گھر بھر کی ذمہ داری ہے میری
مردوں کو تو کام بڑے ہیں چاند پہ جانا ہوتا ہے


میری باری میں ہی قسمت کیوں کرتی ہے من مانی
ہونے کو تو جو ہوتا ہے ایک بہانہ ہوتا ہے


لیلیٰ اور مجنوں کے قصے تیرے میرے قصے ہیں
ایک ہمیشہ مر جاتا ہے ایک دیوانہ ہوتا ہے


آج ہمارے بچے ہم کو لوگ پرانے کہتے ہیں
ان کو کیا معلوم کہ ہر دستور پرانا ہوتا ہے