سبزی اگاؤ
آؤ گھر میں سبزی اگاؤ
پھر سب مل کر مزے سے کھاؤ
پہلے جھٹ پٹ کیاری کھودو
پھر یہ ساری سبزی بو دو
کدو کریلا اروی آلو
بیگن ٹنڈا اور شفتالو
مولی گاجر شلجم توری
لال ہری اور گوری گوری
دھنیہ مرچیں لہسن ادرک
ہریالی ہے آنکھ کی ٹھنڈک
ادھر بھی کیاری کھودو رینا
اس میں بونا ہے پودینا
جاؤ لوٹا لاؤ رانی
کیاری کو دینا ہے پانی
لوکی بوئی کھیرا بویا
میتھی پالک بھنڈی سویا
دیکھو تو کیا خوب مزہ ہے
سارا آنگن ہرا بھرا ہے
اس سے صحت دولت برکت
مہنگائی میں ہے یہ رحمت
جب بھی شام یہ سبزی کھاؤ
پہلے محلے بٹواؤ