سب کا پیارا
ایک دن لالو روتے آئے
آنسوؤں سے منہ دھوتے آئے
ابا نے آ کر چمکارا
کیوں روتے ہو کس نے مارا
بھائی جان نے پوچھا آ کر
آئے مار کہاں سے کھا کر
دادی گرتی پڑتی آئیں
لٹھیا کھٹ کھٹ کرتی آئیں
لالو کو جو روتے دیکھا
پوچھا بیٹا کس نے مارا
آ جا میری گود میں آ جا
میرا بنا میرا راجا
اماں آئیں آپا آئیں
روٹی اور مٹھائی لائیں
لالو کو گودی میں اٹھایا
پیار کیا چھاتی سے لگایا
آپا بولیں چپ ہو جاؤ
روٹی اور مٹھائی کھاؤ
پھر بھابی نے ان کو بلایا
گیت سنا کر دل بہلایا
نہلا کر کپڑے پہنائے
اچھے اچھے کھانے کھلائے
لالو ہیں ان سب کے پیارے
ہیں وہ سب کی آنکھ کے تارے