رو پڑا ناگہاں مسکرانے کے بعد
رو پڑا ناگہاں مسکرانے کے بعد
یاد آئی بہت اس کی جانے کے بعد
میری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں
وہ نظر آیا جب اک زمانے کے بعد
روح پرور تھا اس کا یہ طرز عمل
روٹھ جانا دوبارہ منانے کے بعد
دل کو دل سے ملاتی ہے یہ دل لگی
اس کا ہونا پشیماں ستانے کے بعد
تلخ و شیریں ہے روداد دل بستگی
منکشف یہ ہوا آزمانے کے بعد
شخصیت کا مری بن گیا ایک جز
میرے قلب و جگر میں سمانے کے بعد
ہے یہ برقیؔ حسینوں کی فطرت کا جز
وعدہ کر کے نہ آنا بلانے کے بعد