ریا کاری کے دھندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل

ریا کاری کے دھندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل
خدا کے نیک بندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل


وفا کی سوکھتی جھیلوں سے لاکھوں کوچ کرتے ہیں
مگر اڑتے پرندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل


تماشا دیکھتے ہیں آپ اپنا اور ہنستے ہیں
ہمارے درد مندوں میں نہ تم شامل نہ میں شامل


ابھی تو بھیگتے لمحوں نے پہلا بھید پایا ہے
ابھی بارش کی بوندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل


فساد و قتل کرتے ہیں جو تیرے میرے ناموں پر
الٰہی ان درندوں میں نہ تو شامل نہ میں شامل


نہ اعزازات اور پی آر تمغے اور نہ سیمینار
ادب کے شر پسندوں میں نہ تم شامل نہ میں شامل