پنجاب
زندہ دل پنجاب کے بیٹو تمہیں میرا سلام
تم پرستار گورو نانک فدائے کرشن و رام
یہ تمہارا دیس راجہ درپد کا پنچال دیس
ہاں وہی رنجیت سنگھ کے دور کا خوش حال دیس
نام لیوا جن کے تم ہو ان کی سیرت بے مثال
ان کی جرأت بے مثال ان کی شجاعت بے مثال
اس میں شعر و شاعری ہے اس میں رقص و رنگ بھی
ہیر وارث شاہ کی بھی ہے رباب و چنگ بھی
ویر سنگھ اور امرتا پریتم یہاں ماہر یہاں
عرشؔ اخترؔ جوشؔ اور محرومؔ سے شاعر یہاں
شیر گل کے مو قلم سے خامۂ مانی خجل
اس کی تصویروں میں ہے بیتاب پنجابن کا دل
لاجپت رائے یہیں جام شہادت پی گئے
جانے کتنے قوم کی خاطر مرے اور جی گئے
سر زمین ہند کا یہ بازوئے شمشیر زن
جس کے مردان جری ہیں شعلہ بار و صف شکن
کھیتیوں میں جس کے برکت جس کے کھلیانوں میں نور
جس کے باغوں میں ارم بس کے پہاڑوں پر ہے طور
جس کے مرد و زن کا حصۂ خوب روئی کا جلال
جن کے چہروں پر چھڑکتی ہے توانائی گلال
بھاکڑا ننگل کی جس نے بے بدل تعمیر دی
اپنے فرزندوں کو جس نے خوبیٔ تدبیر دی
جو مصائب اس نے جھیلے ہیں انہیں جھیلے گا کون
کھیل جو ہمت کے کھیلے اس نے وہ کھیلے گا کون
زخم جس نے اپنے سینے پر لیا تقسیم کا
چاک جس نے اپنے ہاتھوں سے سیا تقسیم کا
ہاں اسی خوش وقت خاک پاک کے بیٹے ہو تم
میں نہ مانوں گا کہ عقل و فہم کے ہیٹے ہو تم
میں نہ مانوں گا کدورت فطرت پنجاب ہے
میرا نعرہ ہے محبت فطرت پنجاب ہے