پن کشن
مرے پن کشن میں بہت سی پنیں ہیں
اور اکثر پنیں اس میں ایسی ہیں جو دور انجانے ملکوں
سے آئے خطوں سے نکالی گئی ہیں
یہ اس وقت ظاہر حقیقت کی صورت مرے پن کشن
میں لگی ہیں
اگر پن کشن کی ہر اک پن یہ سوچے
کہ میں تو فلاں دیش کی ہوں
فلاں دیش نے میرا لوہا جنا تھا
فلاں دیش نے میری صورت گڑھی تھی
تو یہ سوچنا پن کشن کی حقیقت کو خطرے میں ڈالے نہ ڈالے
پنوں کو یقیناً جڑوں سے ہلا دے گا
اور پھر یہ ساری پنیں
بے سکت
بے جہت
بے ہدف
یوں ہی رلتی پھریں گی