نقطہ
کہیں سے کوئی نقطہ ایسا آ جائے
جو کسی بھی لفظ پر نہ لگایا جا سکے
اور وہ نقطہ علیحدہ الگ تھلگ کھڑا رہے
کسی بھی گماں کے سہارے
اس انتظار میں
کہ کوئی ایسا لفظ آ جائے
جس پر اسے لگایا جا سکے
یہ بھی ہو سکتا ہے
وہ نقطہ صدیوں اس لفظ کا انتظار کرتا رہے
یہ بھی ہو سکتا ہے
صد ہا سال گزر جانے کے بعد
یہ سارے لفظ بوسیدہ ہو جائیں
گل سڑ کر تحلیل ہو جائیں
اور کچھ باقی نہ رہے
صرف وہ نقطہ رہے