محنت
ارے پیارے بچو ذرا دھیان دو
مری بات کو غور سے تم سنو
یہ بستی یہ بازار سڑکیں تمام
مشینوں کی بڑھتی ہوئی دھوم دھام
یہ موٹر یہ ریلیں یہ نہروں کے حال
کرشمے یہ بجلی کے دن کی مثال
یہ سر سبز کھیتی یہ سوداگری
زمانے کی چیزیں یہ اچھی بری
کتابوں کے انبار یہ علم و فن
یہ غنچے شگوفے چمن در چمن
دہکتے مہکتے ہوئے لالہ زار
گلستاں کی یہ رونقیں پر بہار
غرض جو بھی دنیا میں ہے سربسر
وہ انسان کی محنتوں کا ہے ثمر
کرو گے اگر تم بھی محنت سے کام
تو پاؤ گے دنیا میں اعلیٰ مقام