مسرت کی فراوانی کے دن ہیں

مسرت کی فراوانی کے دن ہیں
محبت کی جہاں بانی کے دن ہیں


تمناؤں کی شادابی کا موسم
یہ ارمانوں کی جولانی کے دن ہیں


ہے کلیوں کے تبسم کا زمانہ
گلوں کی چاک دامانی کے دن ہیں


مناظر میں ہے رنگینی غضب کی
نظر کی شوق سامانی کے دن ہیں


اٹھے ہیں چار سو بادل خوشی کے
حسیں جذبوں کی طغیانی کے دن ہیں


ملے ہیں پیار کے انمول تحفے
خلوص دل کی ارزانی کے دن ہیں


ہوئے روشن مقدر کے ستارے
فلک کی نور افشانی کے دن ہیں


سلامت رحمت حق کا تسلسل
مبارک فضل ربانی کے دن ہیں