مہک مہک سی گئی میں گلاب کی صورت

مہک مہک سی گئی میں گلاب کی صورت
وہ بس گیا مری آنکھوں میں خواب کی صورت


میں ریت ریت چلی آبلوں کے ساتھ یہاں
جو زندگی ملی وہ تھی سراب کی صورت


نصیب نے اسے شاہوں کی زندگی دے دی
پڑا تھا در پہ جو خانہ خراب کی صورت


جسے ہے بیر مری عزت و وقار سے وہ
بنا کے آیا تھا عزت مآب کی صورت


زکوٰۃ دینے دکھاوے کی کیا ضرورت ہے
گناہ کرنے لگے ہو ثواب کی صورت