کیا کھیلیں کہاں کھیلیں

بولیں غصہ ہو کر باجی
گھر میں کیا تک ہے کرکٹ کی
عدنان ایمن ثمرہ فیضی
باہر جا کر کھیلو نا


پودے ٹوٹ نہیں جائیں گے
گملے پھوٹ نہیں جائیں گے
ابو روٹھ نہیں جائیں گے
کیرم لا کر کھیلو نا


ایک گوٹ کیرم کی کم تھی
اوپر سے آ دھمکی عرشی
سب نے مانی بات زمن کی
ریل بنا کر کھیلو نا


اس کے گارڈ بنے ہیں ایمن
اور زمن ہیں ریل کا انجن
ڈبے مدو ثمرہ عدن
فیضی آ کر کھیلو نا


کتنی پیاری ریل ہے بچو
کیسا اچھا کھیل ہے بچو
سب میں کتنا میل ہے بچو
تم بھی گا کر کھیلو نا