کتے

بھونکتے ہیں جو کتے
ان کے سامنے کوئی
ڈال دے اگر ہڈی
جانتے ہیں کیا ہوگا
یک نگاہ و یک آہنگ
استخواں پہ جھپٹیں گے
اور لوگ دیکھیں گے
اتحاد باہم کا
زہر پاش نظارہ
دل خراش نظارہ
ایک ان کی غراہٹ
ایک پینترا ان کا
ایک بھونکنا ان کا
ایک کاوش پیہم
رات کی خموشی میں
جھلملائیں گے تارے
سوئیں گے تھکے ہارے
اک سکون کا عالم
لڑ پڑیں گے یہ کتے
اور نیند اڑا دیں گے
بلبلائیں گے بچے
تھپتھپائیں گی مائیں
باپ بھائی جاگیں گے
کوئی آدمی آخر
گھر سے آئے گا باہر
ہاتھ میں عصا لے کر
دم دبا کے بھاگیں گے
یہ سکون کے دشمن
دوستان اہریمن