اساڑھ
کتنی گرمی ہے عیاذاً باللہ
زیر جاموں کے تلے جسم کے ہر گوشے میں
چپچپاتا ہے پسینے کا نمک
گرم پورب کی امستی ہوئی مرطوب ہوا
اپنے نمناک لپکتے ہوں ہاتھوں سے جسے
پرشکن بھیگے ہوئے سمٹے ہوئے آنچل میں
جذب کر سکتی نہیں اور بھگو دیتی ہے
اور ہمسائے کے مطبخ کی کھلی کھڑکی سے
اک بھلستے ہوئے بیگن کی چراند آتی ہے
باسی ہوتی ہوئی مچھلی کی بساند آتی ہے
کتنی گرمی ہے عیاذاً باللہ
بادل امڈے ہوئے ہر سمت سے کالے بادل
صاعقہ شور گرج تیز ہوا
لیجئے لیجئے پانی ٹپکا
لیجئے ٹوٹ کے پانی برسا
لیجئے ٹھنڈی ہوا چلنے لگی
ہجر کی رات کو سہلاتی ہوئی
اور تنہائی کو آغوش میں بہلاتی ہوئی