کتنا مشکل تھا یہ رستہ کون لکھے گا

کتنا مشکل تھا یہ رستہ کون لکھے گا
پوری بات اور پورا قصہ کون لکھے گا


دن اور رات کے آدھے آدھے بٹوارے میں
کتنا کم تھا کس کا حصہ کون لکھے گا


کن ہاتھوں نے کیسے کیسے پتھر کاٹے
کیسے دن کا بوجھ اٹھایا کون لکھے گا


کتنی دیر کو ہریالی نے آنکھیں کھولیں
کتنی دیر کو بادل برسا کون لکھے گا


جنگل میں گم ہو جانے والے رستے پر
کتنی دھوپ تھی کتنا سایہ کون لکھے گا


شہر جلا تو کس نے اس کی راکھ سمیٹی
کتنا تھا کس کا سرمایہ کون لکھے گا


گرتی دیواروں میں سانس کہاں تھی باقی
اور کہاں تک بکھرا ملبہ کون لکھے گا