کس کی آنکھوں نے کئے اشک رواں میرے بعد
کس کی آنکھوں نے کئے اشک رواں میرے بعد
ہو گیا راز محبت کا بیاں میرے بعد
میرے باعث ہوا دنیا میں تعارف تیرا
پھر ترے حسن کے چرچے یہ کہاں میرے بعد
جن کی نظروں میں کھٹکتا تھا میں کانٹے کی طرح
ان کی نظروں میں ہے تاریک جہاں میرے بعد
پھر کسی نے نہ سنا تذکرۂ قتل و جفا
کٹ گئی خنجر قاتل کی زباں میرے بعد
مجھ کو جرارؔ فنا عشق ستم گر نے کیا
اب کہاں جائے گا یہ دشمن جاں میرے بعد