خدا معاف کرے زندگی بناتے ہیں
خدا معاف کرے زندگی بناتے ہیں
مرے گناہ مجھے آدمی بناتے ہیں
ہوس ہے سارے جہانوں پہ حکمرانی کی
وہ صرف چاند نہیں رات بھی بناتے ہیں
مرے لیے تو مقدس ہیں وہ صحیفے بھی
جو روشنی کے لیے روشنی بناتے ہیں
نہ اس ہجوم میں رکھو مجھے خدا کے لیے
جو شعر کہتے نہیں شاعری بناتے ہیں
تباہ کر تو دوں ظاہر پرست دنیا کو
یہ آئینے بھی مرے لوگ ہی بناتے ہیں
میں آسمان بناتا ہوں میری بات کرو
یہاں تو چاند ستارے سبھی بناتے ہیں
میں شکریہ ادا کرتا ہوں سب رقیبوں کا
یہی اندھیرے مجھے روشنی بناتے ہیں