کھینچ کر عکس فسانے سے الگ ہو جاؤ
کھینچ کر عکس فسانے سے الگ ہو جاؤ
بے نمو آئنہ خانے سے الگ ہو جاؤ
سارا دن ساتھ رہو سائے کی صورت اپنے
شام ہوتے ہی بہانے سے الگ ہو جاؤ
شعر وہ لکھو جو پہلے کہیں موجود نہ ہو
خواب دیکھو تو زمانے سے الگ ہو جاؤ
شاعری ایسے جھمیلوں سے بہت آگے ہے
اس نئے اور پرانے سے الگ ہو جاؤ
نیند میں حضرت یوسف کو اگر دیکھا ہے
عین ممکن ہے گھرانے سے الگ ہو جاؤ
احتراماً مرے حلقے میں رہے ہو شامل
اہتماماً مرے شانے سے الگ ہو جاؤ
اس کو تصویر کرو صفحۂ دل پر آزرؔ
غیب کا نقش بنانے سے الگ ہو جاؤ