کم علمی اک سزا ہے
کانوں میں نقرئی بالیاں پہنے
کندھوں
بازوؤں
ہاتھوں
اور گردن پہ عجیب و غریب ٹیٹوز کھدوائے
برانڈڈ کپڑوں
جوتوں سے سجا
قیمتی پرفیومز سے مہکتا
کھسیانی ہنسی ہنستا
بے چینی سے سر کھجاتا
گھبراہٹ میں ٹانگیں ہلاتا
پاؤں پٹختا
باڈی بلڈر جیسا
لمبا تڑنگا میکسیکن
نا جاننے کے خوف سے ادھ موا
عین میرے سامنے
بے بس بیٹھا ہوا
ہر تھوڑی دیر کے بعد
ماما میا
اففففف
سینیتا مریا
کے نعرے لگاتا مجھے کہتا ہے
ٹیچر ثمینہؔ
تم ایک پاگل عورت ہو
اور مجھے بھی پاگل کر دو گی
سب کچھ ہونے کے باوجود
انگلش زبان کا نہ آنا
اسے اک شدید خوف میں مبتلا کیے ہوئے ہے
میں اسے دیکھ کر نرمی سے مسکراتی ہوں
مجھے معلوم ہے
ابھی چند ہی دنوں میں
یہ خوفزدہ آنکھیں
آگہی کا نور سمیٹے
مسکرانے لگیں گی