کاش کو لکھا ہے کاشا شکریہ

کاش کو لکھا ہے کاشا شکریہ
لفظ کو تم نے تراشا شکریہ


آپ کی خواہش تو پوری ہو گئی
بن گیا ہوں میں تماشا شکریہ


مہربانی مجھ پہ تم دونوں کی تھی
اس لیے آشا نراشا شکریہ


ہے غرض مجھ کو فقط آواز سے
آپ بولیں جو بھی بھاشا شکریہ


تم نے رکھا ہے بہت میرا خیال
اے سبینہ اور نتاشا شکریہ


بد دعائیں لفظ کی لیتے نہیں
پاش کو لکھو نہ پاشاؔ شکریہ


مہ جبینو اب اجازت دو مجھے
شکریہ اور بے تحاشا شکریہ