جہان زندگی ہے اور ہم ہیں

جہان زندگی ہے اور ہم ہیں
ہماری بے بسی ہے اور ہم ہیں


ہے ڈوبی بحر غم میں اپنی کشتی
اسی سے ہمدمی ہے اور ہم ہیں


ہماری زندگی کیا اور ہم کیا
اجل سر پر کھڑی ہے اور ہم ہیں


پڑا ہے واسطہ جن ساعتوں سے
ہر اک ساعت کڑی ہے اور ہم ہیں


یہی دنیا ہے جس کے پیچ و خم میں
ہماری شاعری ہے اور ہم ہیں


جہان نو کی رنگینی کا عالم
اسی کی دل کشی ہے اور ہم ہیں