ہمارا وطن
پھلوں سے لدے جس کے اشجار ہیں
مہکتے ہوئے جس کے گلزار ہیں
نرالی ہے جس کے گلوں کی پھبن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
گلاب اور جوہی کی جس میں بہار
سمن ہے جہاں ہر چمن کا سنگار
کھلے ہیں جہاں نرگس و نسترن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
ہے پورب سے پچھم نرالا جہاں
ہے اتر کا دولہا ہمالہ جہاں
کماری جہاں ہے عروس دکن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
کہیں گومتی بیاس گوداوری
کہیں گھاگھرا نربدا تاپتی
کہیں جس میں بہتے ہیں گنگ و جمن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
ہر اک پھل ہر اک پھول ہر رت جہاں
ہواؤں میں جس کی ہے عنبر نہاں
فضائیں ہیں جس کی چمن در چمن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
پپیہا الاپے جہاں پی کہاں
سنائیں عنادل ترانے جہاں
ہے آموں میں کوئل جہاں نغمہ زن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
اناج اور میووں کی کثرت جہاں
ہے پانی میں بھی اک حلاوت جہاں
جو ہم کو بناتا ہے شیریں سخن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
کیا جس کی مٹی نے پیدا ہمیں
نہ کیوں فخر سے اس کا ہم نام لیں
کہیں مل کے سب شیخ اور برہمن
ہمارا وطن ہے ہمارا وطن
ہمارا وطن سب سے پیارا وطن