دنیا کی جنت

یہ اسکول یہ میرے خوابوں کی جنت
یہ ودیا کا ساگر کتابوں کی جنت
یہاں بدھمانی کے سوتے رواں ہیں
یہاں کی زمیں پر نئے آسماں ہیں
وہ سب پھول کھلتے ہیں جو اس چمن میں
مہکتے ہیں کھلتے ہی سارے وطن میں
اندھیرا نہیں ہے یہاں روشنی ہے
یہاں ہر طرف زندگی زندگی ہے
یہاں کوئی ہنگامہ ہے اور نہ ڈر ہے
یہی ایکتا اور محبت کا گھر ہے
سفر اپنا جاری ہے بس اس یقیں سے
اٹھے گا نیا ایک بھارت یہیں سے
وہ بھارت کہ جس میں سبھی ایک ہوں گے
وہ اپنے ہوں یا اجنبی ایک ہوں گے
نہ کوئی کسی سے بھی نفرت کرے گا
ہر انساں سے انساں محبت کرے گا
چلو آج مل جل کے مانگیں دعائیں
چلیں پھر یہاں ایکتا کی ہوائیں
پھر اپنے وطن کو ہم ایسا بنا دیں
کہ دنیا میں دنیا کو جنت دکھا دیں