ڈاکٹر ذاکر حسین

ایک مرد با صفا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین
نیک دل فرماں روا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


سادہ دل سادہ مزاج و با عمل انسان تھا
خوبیوں کا آئنہ تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


پاسدار حریت تھا آبروئے ہند تھا
ایک سچا رہنما تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


اس کے ہاتھوں میں امانت تھی وطن کی زندگی
اک امین با وفا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


اس کے ہاتھوں میں سلامت تھا سفینہ دیش کا
یعنی اپنا ناخدا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


آسمان علم کا تھا اک درخشاں آفتاب
چشمۂ نور و ضیا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


مہربانی ہر سوالی پر کیا کرتا تھا وہ
بے بسوں کا ہم نوا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


رہنمائے قوم ہو کر بھی گدائے قوم تھا
بیکسوں کا آسرا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


شرع کا پابند تھا لیکن تعصب سے بری
سچ تو یہ ہے دیوتا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین


اک درخشندہ ستارا تھا ہمارے دیش کا
کیا بتائے چرخ کیا تھا ڈاکٹر ذاکر حسین