بھگوان کرشن

زیست کا ترجماں ہے میرا کرشن
یعنی جان جہاں ہے میرا کرشن


ہے وہی مالک فنا و بقا
والئ دو جہاں ہے میرا کرشن


آپ جادہ ہے آپ منزل ہے
یعنی منزل نشاں ہے میرا کرشن


میری منزل قریب تر کر دی
روکش رہبراں ہے میرا کرشن


باغ ایماں کو تازگی بخشی
نازش گلستاں ہے میرا کرشن


میری دنیا سنوار دی اس نے
میری روح رواں ہے میرا کرشن


فکر دنیا و عاقبت ہی نہیں
ضامن دو جہاں ہے میرا کرشن